پاکستان نے 7 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی
پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ شاہینوں نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 199 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ یہ گرین شرٹس کی آسٹریلیا کے خلاف سات سال بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی کامیابی ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹی ٹوئنٹی بھی اپنے نام کرلیا ہے۔ پاکستانی بیٹنگ لائن کی جانب سے شاندار کارکردگی کے بعد اسپنرز نے بھی اپنا جادو دکھایا اور کینگروز کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔
پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز میں ہی اوپنر صاحبزادہ فرحان دوسرے اوور میں 17 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جس کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے کینگرو بولرز کو نشانے پر لے لیا۔
چھٹے اوور میں 72 رنز کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب آؤٹ ہوئے، کچھ ہی دیر بعد بابر اعظم بھی آؤٹ ہوگئے۔
تاہم کپتان سلمان آغا نے مسلسل جارحانہ انداز اپنائے رکھا، انہوں نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 125 رنز تک پہنچانے میں کردار ادا کیا، جس کے بعد وہ بھی وکٹ کھو بیٹھے۔
وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے بھی 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان 28 اور محمد نواز 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے میتھیو شارٹس کے علاوہ تمام بولرز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز کے آغاز سے ہی آسٹریلوی بیٹرز شاہینوں کے سامنے دباؤ میں نظر آرہے ہیں۔
آپاکستانی بولرز نے آسٹریلوی اوپنرز کو اننگز کے آغاز میں ہی قابو کر لیا، کپتان مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ 22 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
اگلے ہی اوور میں جوش انگلس بھی آؤٹ ہوگئے جبکہ میٹ رنشا اور کوپر کوننولے بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔
کیمرون گرین اور میتھیو شارٹس نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم وہ بھی پاکستانی اسپن اٹیک کے جال میں پھنس گئے۔ آسٹریلیا کے چار بیٹرز ہی ڈبل فگر میں داخل ہوسکے۔
آسٹریلیا کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئی اور شاہینوں نے سات سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرلی ہے۔
پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ 22 رنز سے اپنے نام کیا تھا جب کہ آخری بھی میچ کل لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔