ایران کے جنوبی شہر بندر عباس میں آٹھ منزلہ عمارت میں دھماکا، متعدد زخمی
ایران کے ساحلی شہر بندر عباس میں ایک عمارت میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت کی دو منزلیں تباہ اور متعدد گاڑیوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق دھماکا بندر عباس کے علاقے معلم بلیوارڈ میں واقع آٹھ منزلہ عمارت میں ہوا، جس سے عمارت کی دو منزلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں جبکہ آس پاس کھڑی کئی گاڑیاں اور قریبی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نے اس دھماکے میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر کو نشانہ بنانے کی اطلاعات کو غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے تاہم دھماکے سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے اِرنا کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے ڈائریکٹر کرائسس مینجمنٹ جنرل مہرداد حسن زادہ نے بتایا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے شہر بندر عباس میں واقع بندرگاہ آبنائے ہرمز پر واقع ہے جو ایران اور عمان کے درمیان ایک انتہائی اہم آبی گزرگاہ سمجھی جاتی ہے۔ عالمی سطح پر سمندری راستے سے ہونے والی تیل کی ترسیل کا تقریباً پانچواں حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے جس کے باعث یہ علاقہ اسٹریٹجک طور پر انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی عروج کو پہنچ چکی ہے۔ امریکا کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت بیانات کے بعد بحری بیڑے بھی خطے میں تعینات ہیں۔