بھارتی فلم ساز روہت شیٹی کے گھر کے باہر فائرنگ
معروف بولی ووڈ ہدایت کار روہت شیٹی کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ممبئی میں ان کے گھر کے باہر چار سے پانچ راؤنڈ فائر کیے اور موقع سے فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ممبئی پولیس اور فارنسک ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
فائرنگ کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت روہت شیٹی کے گھر کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور بھاری تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک فائرنگ کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔ قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے اور معاملے کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
اس بات کی بھی تصدیق نہیں ہو سکی کہ فائرنگ کے وقت روہت شیٹی اپنے گھر میں موجود تھے یا نہیں۔
اس واقعے کے بعد فلم انڈسٹری اور مداحوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، تاہم ابھی تک روہت شیٹی یا ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
پولیس اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ روہت شیٹی ہندی فلم انڈسٹری کے ایک مشہور ہدایتکار اور پروڈیوسر ہیں، جو ایکشن، کامیڈی اور شاندار اسٹنٹس سے بھرپور فلموں کے لیے جانے جاتے ہیں۔