شائع 01 فروری 2026 09:53am

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود انتقال کرگئے

آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری طویل علالت کے بعد اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 71 برس تھی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود کی نمازِ جنازہ آج ان کے آبائی گاؤں چیچیاں، میرپور میں ادا کی جائے گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا صدر آزاد جموں و کشمیر، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار، مرحوم کی بلندی درجات اور سوگوران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

وزیراعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ایک مدبر سیاست دان تھے جنہوں نے اپنی تمام عمر آزاد جموں و کشمیر کی عوام کی خدمت میں گزاری، آج آزاد جموں وکشمیر کے عوام نے ایک عظیم رہنما کھو دیا ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 9 اگست 1955ء کو چیچیاں میرپور ازاد کشمیر میں پیدا ہوئے ۔انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں چیچیا ں میر پور میں حاصل کی جبکہ میٹرک کینٹ پبلک سکول راولپنڈی سے کیا جبکہ گریجویشن گورڈن کالج راولپنڈی سے کیا۔

بعدازاں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں سے انہوں نے معروف قانونی درسگاہ لنکنن ان سے قانون کی اعلی ڈگری بار ایٹ لا کیا ۔جبکہ 1983ء میں وہ برطانیہ سے واپس وطن واپس آئے اور عملی سیاست کا آغاز کیا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سابق صدر آزاد کشمیر کے ایچ خورشید کے ہمراہ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر رہے جبکہ 1990ء میں وہ صدر کے عہدے کے لیے منتخب ہوئے تاہم عمر میں ایک ماہ کی کمی کے باعث وہ اس وقت صدر منتخب نہ ہو سکے جبکہ بعد ازاں 1996ء میں وہ آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوئے ۔اسی طرح 2001 میں وہ آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر فائز رہے ۔

Read Comments