شائع 01 فروری 2026 11:34am

آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کون تھے؟

آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل علالت کے باعث اسلام آباد میں زیر علاج تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی نمازِ جنازہ آج شام میرپور کے قریب آبائی گاؤں چیچیاں میں ادا کی جائے گی۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 1983 میں عملی سیاست کا آغاز کیا۔ وہ اپنے طویل سیاسی کیریئر کے دوران آزاد مسلم کانفرنس، لبریشن لیگ، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ رہے۔ وہ آبائی حلقے میرپور سے مجموعی طور پر نو مرتبہ ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے۔

بیرسٹر سلطان محمود 1996 سے 2001 تک آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے منصب پر بھی فائز رہے، جبکہ 25 اگست 2021 کو وہ آزاد جموں و کشمیر کے صدر منتخب ہوئے۔

فروری 2015 میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ 2016 کے انتخابات میں انہیں اپنے 25 سالہ سیاسی کیریئر میں پہلی مرتبہ انتخابی شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم 2019 کے ضمنی انتخابات میں وہ دوبارہ قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جگر کے کینسر میں مبتلا تھے اور 71 برس کی عمر میں اسلام آباد کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران ریاستی پرچم سرنگوں رہے گا۔

Read Comments