بلوچستان کے طول و عرض میں مکمل امن قائم ہوچکا ہے: وزیرِ دفاع
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طول و عرض میں مکمل امن قائم ہو چکا ہے اور سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں کے باعث تمام دہشتگرد حملہ آوروں کو ٹھکانے لگا دیا گیا ہے، جبکہ کلیئرنس آپریشن اب بھی جاری ہے۔
سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی انسانی حقوق کا لبادہ اوڑھ کر دہشتگردی کر رہی ہے، جبکہ حقیقت میں یہ تنظیم شہری اہداف، مزدوروں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام اور معاشی تباہی کی طرف دھکیلنا ہے، مگر سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے اور بھارت اور کالعدم بی ایل اے ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ وزیر دفاع کے مطابق بی ایل اے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک کالعدم تنظیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشتگردوں کے بیانات اور انٹیلی جنس رپورٹس بھارت کی جانب واضح اشارہ کرتی ہیں، جبکہ دہشتگردوں کے روابط بھی بھارت اور افغانستان سے ملتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان اپنے مذموم مقاصد کے لیے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو استعمال کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں دہشتگردی کے بارہ مختلف واقعات پیش آئے، جن میں نوشکی اور دالبندین میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔
پسنی میں ماری جانے والی خودکش بمبار لڑکی تھی جبکہ کراچی میں ایک ناکام خودکش بمبار نے اعتراف جرم بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد خواتین اور بچوں کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں، جو انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔
خواجہ آصف کے مطابق سیکیورٹی فورسز اس وقت کلیئرنس آپریشن میں مصروف ہیں اور گزشتہ دو دنوں میں 100 سے زائد دہشتگرد مارے جا چکے ہیں، جبکہ بلوچستان میں تمام حملہ آوروں کو ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کے گیارہ جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد لاپتا افراد کا جھوٹا بیانیہ بنا کر گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ یہ بیانیہ محض ایک فراڈ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام صوبوں میں امن کا قیام قومی ایجنڈا ہے اور دہشتگرد کسی رعایت کی توقع نہ رکھیں۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ ملک کی حفاظت کے لیے جو کرنا پڑا کیا جائے گا، ہم دہشتگردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑ رہے ہیں اور دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا ایک اور بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے اور پاکستان کے طول و عرض میں دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہو کر کھڑی ہے۔