تبو اپنے والد کا سرنیم کیوں استعمال نہیں کرتیں؟ اداکارہ نے وجہ بتادی
بولی ووڈ کی مضبوط اور بااثر اداکارہ تبو کی ذاتی زندگی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں۔ اگرچہ وہ اس وقت شہرت، عزت اور کامیابی کی بلندیوں پر ہیں، مگر ایک سوال جو اکثر پوچھا جاتا ہے وہ یہ ہے کہ تبو اپنے والد کا سرنیم ’ہاشمی‘ کیوں استعمال نہیں کرتیں؟
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے سیمی گریوال کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اس موضوع پر کھل کر بات کی۔
اپنے بچپن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے تبو نے بتایا کہ ان کا اپنے والد سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ ان کے والدین کی علیحدگی اس وقت ہو گئی تھی جب وہ صرف تین سال کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین کی علیحدگی کے بعد ان کی پرورش ددھیال میں نہیں ہوئی، بلکہ حیدرآباد میں نانا نانی کے گھر ہوئی، جہاں مضبوط خواتین کے ماحول نے ان کی شخصیت کو آہستہ آہستہ نکھارا۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی والدہ ایک اسکول ٹیچر تھیں اور وہ زیادہ وقت نانی کے ساتھ گزارتی تھیں۔ تبو کے مطابق ان کا بچپن بہت پرسکون تھا اور انہیں کبھی کسی کمی کا احساس نہیں ہوا۔
تبو نے بتایا کہ ان کی نانی عبادت گزار اور کتابوں سے محبت کرنے والی خاتون تھیں، جن کا ان پر گہرا اثر پڑا۔ اسی ماحول میں رہ کر انہوں نے زندگی کو سمجھنا سیکھا، اگرچہ وہ فطرتاً بہت شرمیلی تھیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ تبو کا تعلق ایک فنکار خاندان سے ہے۔ ان کی بڑی بہن فرح نے 1980 کی دہائی میں فلموں میں کام کیا، جبکہ وہ معروف اداکارہ شبانہ اعظمی کی قریبی رشتہ دار بھی ہیں۔ اس کے باوجود تبو کا کہنا ہے کہ ان کی پرورش شہرت اور فلمی چکاچوند سے بہت دور ہوئی۔
اسی گفتگو میں تبو نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے کبھی اپنے والد کا سرنیم ’’ہاشمی‘‘ استعمال کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ ان کے مطابق اسکول میں ان کا نام تبسم فاطمہ تھا اوروہی نام ان کی پہچان تھا۔
انہوں نے کہا کہ سرنیم ان کے لیے کبھی اہم نہیں رہا، کیونکہ ان کی شناخت ان کے نام اور کام سے بنی ہے۔
والد کے ساتھ تعلق پر بات کرتے ہوئے تبو نے صاف الفاظ میں کہا کہ انہیں اپنے والد کی کوئی یاد نہیں ہے اور نہ ہی کبھی ان سے ملنے کی خواہش ہوئی۔ ان کے مطابق، وہ جس طرح پلی بڑھی ہیں، اسی میں خوش اور مطمئن ہیں۔
تبو کاکہنا تھا کہ ان کی بہن کی کبھی کبھار اپنے والد سے ملاقات ہوئی ہے لیکن وہ ان سے کبھی نہہں ملی ہیں۔
کام کے محاذ پر تبو اس وقت بھی پوری طرح سرگرم ہیں۔ وہ جلد ہی وجے سیتھوپتی کے ساتھ پوری جگن ناتھ کی پین انڈیا فلم میں نظر آئیں گی، جبکہ اکشے کمار کے مقابل پریا درشن کی ہارر کامیڈی فلم ’’بھوت بنگلہ‘‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گی۔ دونوں فلمیں اسی سال ریلیز ہونے والی ہیں۔