بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ، ایک ماہ کے لیے سخت پابندیاں عائد
بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش و استعمال، ڈبل سواری اور کالے شیشوں پر پابندی ہوگی۔
بلوچستان میں قیام امن یقینی بنانے کے لیے پورے صوبے میں دفعہ 144 کے تحت ایک ماہ کے لیے پابندیاں نافذ کر دی گئی ہیں جب کہ محکمہ داخلہ بلوچستان نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش اور استعمال، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، کالے شیشوں، غیر رجسٹرڈ گاڑیاں چلانے، 5 یا زائد افراد کے اجتماعات و جلوسوں، پبلک مقامات پر مفلر، رومال، ماسک سے چہرہ ڈھانپنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پابندیوں کا اطلاق فوری ہوگا، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تمام اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے قیام امن کے لئے حکومتی اقدامات پر بھر پور تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 12 مقامات پر حملے ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 40 گھنٹوں کے اندر کارروائیاں کرتے ہوئے 145 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا، جن کی لاشیں حکام کے پاس موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ ان حملوں میں سیکیورٹی فورسز کے 17 جوان، جن میں پولیس اور ایف سی اہلکار شامل ہیں، شہید ہوئے جب کہ 31 شہری شہید اور زخمی ہوئے۔