لاہور: جہازوں کی آمدورفت محفوظ بنانے کے لیے ایئرپورٹ کی حدود میں پتنگ بازی پر پابندی
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے لاہور ایئرپورٹ پر جہازوں کی آمدورفت محفوظ بنانے کے لیے ملحقہ علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی کا فیصلہ کر لیا ہے جب کہ ایئرپورٹ سے ملحقہ علاقوں میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت پتنگ بازی پر کارروائی کی جائے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا لاہور ائرپورٹ پر جہازوں کی محفوظ آمدورفت محفوظ بنانے کے لیے اہم اقدام سامنے آیا ہے، لاہور ایئرپورٹ سے ملحقہ علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا۔
پی اے اے کے مراسلے کے مطابق صوبائی اور ضلعی حکومت سے مشاورت کے بعد لاہور ایئرپورٹ کے اطراف مخصوص علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی نافذ کی جا رہی ہے تاکہ فضائی آپریشن کسی بھی خطرے سے محفوظ رہ سکے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈیفنس کے بلاک پی، کیو، آر اور ایس میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح بھٹہ چوک، نشاط، علی ویو گارڈن، علی پاک اور نادر آباد کے علاقوں میں بھی پتنگ اڑانے پر پابندی عائد ہوگی۔ اس کے علاوہ تاج باغ، جوڑے پل، الفیصل ٹاؤن اور کنال بینک سے ملحقہ علاقوں میں بھی پتنگ نہیں اُڑے گی۔
پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ چند علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی کا مقصد جہازوں کی آمدورفت محفوظ بنانا ہے، ان علاقوں میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت پتنگ بازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
اس حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے بھی پابندی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔