پیٹ کمنز اس بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا حصہ کیوں نہیں؟ وجہ بتا دی
آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ ظاہر کردی ہے۔
کپتان پیٹ کمنز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ی کی وجہ آئندہ بھرپور ٹیسٹ سیزن کو قرار دیا ہے۔
آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنا بدقسمتی ہے، وہ بہتر محسوس کر رہے تھے تاہم یہ ایک سیٹ بیک ثابت ہوا۔
پیٹ کمنز کے مطابق وہ آئندہ چند ہفتے آرام کریں گے اور دوبارہ کمر کا اسکین کرائیں گے تاکہ مکمل صحت یابی ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مکمل فٹنس کے ساتھ واپسی چاہتے ہیں۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ پاکستان میں آسٹریلوی ٹیم کی حالیہ کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی، ٹیم کے کئی کھلاڑی بگ بیش لیگ کے سخت اور بڑے مقابلوں کے بعد یہ میچز کھیل رہے تھے جبکہ بعض کھلاڑی انجری سے واپسی پر تھے۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود ٹیم کا مورال بلند ہے اور انہوں نے چند کھلاڑیوں سے اس حوالے سے بات بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ پیٹ کمنز کی جگہ بین ڈارشیوس کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فروری اور مارچ میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے۔