شائع 03 فروری 2026 12:07pm

برف پگھلنے لگی، ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا

ایران کا امریکا کے ساتھ مذاکرات کا شیڈول طے پا گیا ہے، استنبول میں جمعے کو امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے جن میں امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی شرکت کریں گے۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد اہم سنگ میل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور اگر معاملہ طے نہ ہوا تو نتائج بہت سنگین ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف جمعے کو ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، مصر اور دیگر علاقائی ممالک کے بھی نمائندے شریک ہوں گے۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا اس حوالے سے کہا تھا کہ ایران باہمی احترام کی بنیاد پر امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم دھمکیوں اور دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ احترام کا جواب احترام سے دیا جائے گا اور دھمکیوں کا جواب اسی زبان میں دیا جائے گا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ یورینیم افزودگی کے معاملے میں کچھ لچک دکھانے کے لیے تیار ہیں، لیکن اس کے بدلے میں ایران چاہتا ہے کہ امریکی جنگی جہاز اور دیگر فوجی اثاثے ایران سے دور ہٹائے جائیں۔

دوسری جانب ایران کی جانب بڑا بحری بیڑا بھی گامزن ہے، جو اس خطے میں کشیدگی کے تناظر میں اہمیت رکھتا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ امریکا معاملات کو پرامن اور سفارتی حل کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، لیکن اگر تنازعہ طے نہ ہوا تو نتائج نہایت سنگین ہوں گے۔

Read Comments