بلوچستان: 3 روز سے جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں 197 دہشت گرد ہلاک
بلوچستان میں 3 روز سے جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں اب تک 197 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے ہیں، آپریشن کے دوران پاک فوج، ایف سی اور پولیس کے 22 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ دہشت گردوں نے 36 شہریوں کو شہید کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 3 دنوں سے جاری دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں فتنہ الہندوستان کے 197 دہشت گرد جہنم واصل ہو چکے ہیں، ان دہشت گردوں کے خلاف تعاقبی اور سینیٹائزیشن آپریشنز اب بھی جاری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے متعدد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مادر وطن اور معصوم شہریوں کی حفاظت کے لیے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے پاکستان کے 22 بہادر جوانوں بشمول آرمی، ایف سی، پولیس اور پی ایم ایس اے نے جام شہادت نوش کیا۔
ان دہشت گردوں کی بربریت کا شکار معصوم شہریوں بشمول بلوچ شہریوں کی تعداد 36 ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم دہرایا گیا ہے جب کہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔