شائع 04 فروری 2026 03:06pm

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: آئی سی سی کا پاکستان کو منانے کے لیے بیک چینل رابطے کا فیصلہ، ذرائع

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف گروپ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں تشویش بڑھا دی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پاکستان کو فیصلے پر نظرثانی کے لیے آمادہ کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں اور اس مقصد کے لیے بیک چینل رابطوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میں سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے کو پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات چیت کا ٹاسک دیا گیا ہے، جبکہ آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ سے بھی پاکستان کو منانے کے لیے پیس میکر کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے معاملے پر پاکستان سے پس پردہ بات چیت کرے گا اور اس کے لیے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو ذمہ داری سونپ دی ہے۔

واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے 15 فروری کو بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا گروپ میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی میں بے چینی میں اضافہ ہوا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں کیونکہ پاک بھارت میچ ٹورنامنٹ کے اہم ترین مقابلوں میں شمار ہوتا ہے۔

تاحال اس معاملے پر آئی سی سی یا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا، تاہم کرکٹ حلقوں میں قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔

Read Comments