بلوچستان سے ملک بھر کے لیے ٹرین سروس بحال، انٹرنیٹ کی فراہمی معطل
بلوچستان میں دہشت گردانہ واقعات کے بعد معمول کی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، جہاں چھٹے روز بھی انٹرنیٹ کی فراہمی معطل ہے اور بلوچستان بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے جب کہ کوئٹہ سے ملک بھر کے لیے ٹرین سروس 5 روز کی بندش کے بعد بحال ہوگئی ہے۔
گزشتہ ہفتے بلوچستان سے ملک بھر کے لیے ٹرین سروس بند کر دی گئی تھی، جس کو5 روز بعد بحال کر دیا گیا ہے اور ٹرینیں اندرون صوبہ سمیت ملک بھر کے لیے چلنا شروع ہو گئی ہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرین سروس کی بحالی کے بعد کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس 5 روز بعد روانہ ہوگئی، جعفر ایکسپریس ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئی جب کہ کراچی کے لیے بولان میل بھی روانہ کردی گئی۔
اس کے علاوہ کوئٹہ سے چمن جانے والی پسنجر ٹرین سروس بھی بحال کر دی گئی ہے، جو اپنے مقررہ وقت پر مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی، جس کے باعث اندرون صوبہ اور ملک کے دیگر حصوں میں سفر کرنے والے شہریوں کی مشکل آسان ہو گئی ہے۔ جعفر ایکسپریس اور بولان میل 31 جنوری سے معطل تھی۔
دوسری طرف کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس چھٹے روز بھی معطل ہے، بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے بعد انٹرنیٹ سروس معطل کیا گیا تھا۔
انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے صارفین کو مشکلات سے دو چار ہے جب کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔