شائع 06 فروری 2026 12:04pm

وزیرِاعلیٰ سندھ کی گُل پلازہ کے دکانداروں کو جلد امدادی رقم فراہم کرنے کی یقین دہانی

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر اور دکانوں کے مسائل کے حل کے لیے واضح ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزیرِاعلیٰ سندھ نے گُل پلازہ کے دکانداروں کو جلد امدادی رقم فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مائی کراچی عالمی نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ کی جتنی بھی دکانیں تھیں، اتنی ہی دکانیں دوبارہ تعمیر کی جائیں گی اور دو ماہ کے اندر دکان داروں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ گل پلازہ کی نئی عمارت کو صوبائی حکومت دو سال کے اندر بہتر اور جدید انداز میں تعمیر کرے گی تاکہ شہریوں اور تاجروں کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کی بہتری کے لیے پہلے بھی فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں اور آئندہ بھی صنعتی ترقی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم شہر کی تجارتی اہمیت میں اضافے کے ساتھ ملکی اور بین الاقوامی تجارت میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کوششوں سے شہر محفوظ اور مستحکم ہے۔

مراد علی شاہ نے زور دیا کہ کراچی کے ہر شہری اور سرمایہ کار کو محفوظ بنانے تک صوبائی حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے تمام اقدامات بروقت اور مؤثر انداز میں کیے جائیں گے۔

Read Comments