اسلام آباد خودکش دھماکے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کا اہم بیان آگیا
اسلام آباد خودکش دھماکے پر وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت اور طالبان کے گٹھ جوڑ کے تانے بانے مل رہے ہیں، بھارت میں اب ہم سے براہ راست جنگ لڑنے کے ہمت نہیں، اپنی پراکسیوں کے ذریعے جنگ لڑ رہا ہے، اس ظلم کا جواب ریاست پوری قوت سے دے گی۔
جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپبے پیغام میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ مسجد میں نمازیوں کو شہید کرنے والے دین اور وطن دونوں کے دشمن ہیں، حملے میں ملوث دہشت گرد کا افغانستان آنا جانا ثابت ہوا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اور طالبان کے گٹھ جوڑ کے تانے بانے مل رہے ہیں، سیکیورٹی گارڈز نے اس کو چیلنج کیا جس کے جواب میں اس نے فائرنگ کی۔
وزیر دفاع کے مطابق نمازیوں کی آخری قطار میں خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، انشا اللہ اس ظلم کا جواب ریاست پوری قوت سے دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان عبرتناک شکست کے بعد اپنی پراکسیز کے ذریعے جنگ لڑ رہا ہے کیوں کہ اس کی براہ راست جنگ لڑنے کی اب ہمت نہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 31 افراد شہید اور 160 سے زائد ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے وہاں موجود افراد نے روکا جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس حوالے سے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے سے قبل فائرنگ ہوئی تھی جس کے فوراً بعد دھماکا ہوگیا۔
دھماکے کے بعد پولیس اور فوج کے دستوں اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تمام زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا، تمام اسپتالوں میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی گئی۔