شائع 07 فروری 2026 09:41am

بسنت فیسٹیول؛ شوبز فنکاروں نے بھی رنگ بکھیر دیے

سترہ سال کے طویل وقفے کے بعد لاہور ایک بار پھر بسنت کے رنگوں سے سج گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے طے کردہ حفاظتی ضوابط کے تحت اس تاریخی پتنگ بازی کے تہوار کو دوبارہ منانے کی اجازت ملنے پر شہر بھر میں جوش و خروش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تین روزہ اس رنگا رنگ میلے نے نہ صرف لاہور بلکہ دیگر شہروں سے آنے والے لوگوں کو بھی اپنی جانب کھینچ لیا ہے۔

لاہور کی قدیم گلیوں سے لے کر جدید ہاؤسنگ سوسائٹیز اور کشادہ میدانوں تک، ہر طرف رنگ برنگی پتنگیں آسمان کو سجا رہی ہیں۔ موسیقی، آتش بازی اور خوشیوں بھری آوازوں نے فضا کو زندہ دل بنا دیا ہے، جبکہ نوجوان نسل پہلی بار بسنت کے حقیقی رنگ دیکھ کر بے حد پرجوش نظر آ رہی ہے۔

عام شہریوں کی طرح پاکستانی شوبز ستارے اور سوشل میڈیا شخصیات بھی بسنت کی خوشیوں میں پیچھے نہیں رہے۔

مزاحیہ گلوکاری سے شہرت پانے والے چاہت فتح علی خان بسنت منانے کے لیے لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے پتنگ تھامے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر کے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ ویڈیو میں ان کا پرجوش اور شوخ انداز دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر رہا ہے۔ اس موقع پر کئی افراد نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

بسنت کے موقع پرانہوں نے نیا گانا ’بندے باریاں ہیں‘ یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا۔ گانا سامنے آتے ہی صارفین کی جانب سے دلچسپ اور ملے جلے ردعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں، کچھ نے اسے تفریحی قرار دیا تو کچھ نے معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کے گیت سے مماثلت پر تبصرے کیے۔

معروف اداکار عمران اشرف اور اسامہ خان بھی اپنی چھتوں پر پتنگ بازی کرتے نظر آئے، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔

اداکارہ فضا علی نے بھی بسنت کے رنگ میں رنگی تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ مسکراتے ہوئے پتنگ تھامے دکھائی دے رہی ہیں۔

قومی کرکٹر حسن علی بھی اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ہمراہ اس تہوار سے بھرپور لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔

اداکارہ عائزہ خان نے اپنی چھت سے تصاویر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ وہ پتنگ اڑانے میں کامیاب نہ ہو سکیں، اس لیے فوٹو شوٹ کروا لیا۔

تاہم انہوں نے ساتھ ہی مداحوں کو یہ پیغام بھی دیا کہ بسنت خوشی سے ضرور منائیں لیکن انسانوں، جانوروں اور ماحول کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

پاکستانی سیلیبریٹیز کی بسنت مناتے ہوئے تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔ مداح اپنے پسندیدہ ستاروں کو اس ثقافتی تہوار سے لطف اندوز ہوتے دیکھ کر بے حد خوش نظر آ رہے ہیں۔

Read Comments