اپ ڈیٹ 07 فروری 2026 11:37am

کراچی: پلاسٹک کا سامان بنانے والی فیکٹری کی عمارت میں لگی آگ بجھا دی گئی

کراچی کے ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں واقع پلاسٹک کا سامان بنانے والی فیکٹری کی عمارت میں لگی آگ بجھا دی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جوتے، کپڑے کی فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے جس کے بعد اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آتشزدگی کے باعث عمارت کی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں، اور ریسکیو عملہ دیواریں توڑ کر بالائی منزل میں داخل ہوا۔

آگ بجھانے کے لیے مجموعی طور پر 3 اسنارکل، 4 واٹر باؤزر اور 12 فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر موجود رہیں۔

ریسکیو آپریشن میں کے ایم سی، ریسکیو 1122 اور پاک بحریہ کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا، جبکہ پولیس اور رینجرز بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

اس سے قبل چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا تھا کہ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 80 فیصد قابو پا لیا گیا، تاہم کولنگ کا عمل مکمل کرنے میں تین سے چار روز لگ سکتے ہیں۔

چیف فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ آگ سب سے پہلے پلاسٹک اور فائر کی فیکٹری میں لگی تھی، جس نے ساتھ موجود ایک اور فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

آگ ایک فیکٹری سے دوسری فیکٹری میں پھیل گئی تھی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث تیسری فیکٹری کو بچا لیا گیا تھا۔

ہمایوں خان کا مزید کہنا تھا کہ پرانے کپڑوں اور جوتوں کے گودام میں لگنے والی آگ کو بھی مکمل طور پر بجھا دیا گیا تھا۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں مسلسل کولنگ کے عمل میں مصروف رہیں تاکہ آگ دوبارہ نہ بھڑک اٹھے۔

حکام کے مطابق آگ گزشتہ رات 8 بج کر 40 منٹ پر لگی تھی، جس کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

آگ پر قابو پانے کے لیے تین اسنارکل اور 12 فائر ٹینڈرز کی مدد سے آپریشن جاری رکھا گیا تھا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال اب کنٹرول میں ہے، تاہم مکمل کولنگ کے بعد ہی آپریشن ختم کیا جائے گا۔ آتشزدگی کے اس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔

Read Comments