اپ ڈیٹ 08 فروری 2026 11:28am

تین روز کے دوران بڑی تباہی کی پیشگوئی، ہالینڈ کے زلزلہ پیما ماہر نے ’سرپرائز‘ سے خبردار کر دیا

ہالینڈ کے زلزلہ پیما ماہر فرینک ہوگربیٹس نے روایتی متنازع پیش گوئیوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے ایک نیا انتباہ جاری کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں زمین پر ممکنہ زلزلہ خیز سرگرمیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں اور اس بار انہوں نے کسی ”سرپرائز“ سے بھی خبردار رہنے کی تلقین کی ہے۔

ہوگ بیٹس کے مطابق، اجرامِ فلکی کی ترتیب، جسے وہ ”سیاروں کی جیومیٹری“ کہتے ہیں، اس وقت خاص طور پر اہم ہے۔

ان کے تجزیے کے مطابق 13 سے 15 فروری کے درمیان زمین، چاند اور سیارہ مشتری ایک لائن میں آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے زلزلوں کی سرگرمیاں بڑھ سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’میں آپ کو 13 سے 15 فروری تک انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ دیتا ہوں، کیونکہ اس دوران ایک بڑا زلزلہ آ سکتا ہے اور کوئی حیران کن واقعہ پیش آ سکتا ہے۔‘

دوسری جانب، سائنسی برادری نے ہوگربیٹس کے نظریات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دعوے غیر سائنسی ہیں اور سیاروں کی گردش کا زمین پر زلزلوں سے کوئی تعلق موجودہ سائنسی بنیادوں پر نہیں پایا جاتا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کچھ علاقے زلزلے کے لیے زیادہ خطرناک ہیں، مگر مختصر مدت میں درست پیش گوئی ممکن نہیں۔

تاہم، سوشل میڈیا پر ان کی تازہ پیش گوئیوں نے عوام میں کافی بے چینی اور تشویش پیدا کر دی ہے۔

زلزلہ شناس اور فلکیات کے ماہرین کی تنقید کے باوجود، ہوگربیٹس اپنے نظریے پر قائم ہیں کہ سیاروں کی حرکت زمین پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

وہ ”سولر سسٹم جیومیٹری سروے“ (ایس ایس جی ای او ایس) کے سربراہ بھی ہیں، جو اجرامِ فلکی اور زلزلوں کے ممکنہ تعلقات پر تحقیق کرتا ہے۔

ہوگربیٹس کی شہرت فروری 2023 میں ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد ہوئی، جس کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے تین دن قبل اس کی پیش گوئی کی تھی۔

اس واقعے کے بعد سے وہ مسلسل سوشل میڈیا پر زلزلوں کے حوالے سے پیش گوئیاں کرتے رہے ہیں۔

Read Comments