شائع 08 فروری 2026 06:42pm

طالبان نے نائن الیون سے پہلے کے دور سے زیادہ خطرناک حالات پیدا کردیے ہیں: صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے نائن الیون سے پہلے کے دور سے زیادہ خطرناک حالات پیدا کردیے ہیں، پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی مدد کر رہا ہے جو پورے خطے اورعالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے، پاکستان طویل عرصے سے کہہ رہا ہے کہ کوئی ایک ملک تنہا دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر عالمی برادری کا شکریہ اد اکیا ہے۔

آصف زرداری نے دہشت گردی کے خلاف اجتماعی عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان نے نائن الیون سے پہلے کے دور سے زیادہ خطرناک حالات پیدا کردیے ہیں، عالمی برادری کے ہمدردی اور یکجہتی کے پیغامات سے پاکستانی عوام کو سکون اور سوگوار خاندانوں کو طاقت ملی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی مدد کر رہا ہے جو پورے خطے اورعالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے، پاکستان طویل عرصے سے کہہ رہا ہے کہ کوئی ایک ملک تنہا دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرسکتا، دہشت گردی کے خلاف جنگ مشترکہ ذمہ داری ہے۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ جب دہشت گرد گروپوں کو قومی سرحدوں سے باہر جگہ، سہولت کاری یا استثنیٰ کی اجازت دی جاتی ہے تو اس کے نتائج پوری دنیا کے معصوم شہریوں کوبھگتنا پڑتے ہیں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بعض ہمسایہ ممالک اپنی سرزمین سے دہشت گرد عناصر کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں کی اجازت دے کر جرائم میں شراکت دار بن گئے ہیں، کچھ ممالک ناصرف ان کی براہِ راست مالی معاونت کرتے ہیں بلکہ انہیں تکنیکی اور عسکری ذرائع بھی فراہم کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں 33 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے وہاں موجود افراد نے روکا جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس حوالے سے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے سے قبل فائرنگ ہوئی تھی جس کے فوراً بعد دھماکا ہوگیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور فوج کے دستوں اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تمام زخمیوں کو پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کر دیا گیا، تمام اسپتالوں میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی گئی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہوچکی ہے، خود کش بمبار نے افغانستان سے دہشت گرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی اور متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایاکہ افغانستان میں موجود مختلف دہشت گرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطےکی سلامتی کےلیےخطرہ ہیں، پاکستان میں ہر دہشتگردانہ کارروائی کے پس پشت افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔

Read Comments