ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: عمان کا زمبابوے کو جیت کے لئے 103 رنز کا ہدف
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے آٹھویں میچ میں عمان نے زمبابوے کو جیت کے لئے 103 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کولمبو میں جاری گروپ میچ میں زمبابوے نے عمان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم انیسویں اوور کی پانچویں گیند پر ڈھیر ہوگئی۔
عمان کی پہلی وکٹ سات رنز پر گری اور اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔
ونایَک شُکلا 28، سفیان محمود 25 اور ندیم خان 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمان کا مزید کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔
رچرڈ نگاروا، بلیسنگ مزاربانی اور بریڈ ایونز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
عمان کے 103 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی بیٹنگ جاری ہے اور 30 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کولکتہ کے اسٹیڈیم ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے اٹلی کو 73 رنز سے شکست دے دی۔
اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے اور اٹلی کو جیت کے لیے 208 رنز کا ہدف دیا تھا۔
208 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اٹلی کی ٹیم 134 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔