عمر رسیدہ عمانی کرکٹر نے ٹی20 ورلڈکپ میں محمد رضوان کا ریکارڈ برابر کردیا
عمان سے تعلق رکھنے والے کرکٹر محمد ندیم نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں کی تاریخ کا اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا جب کہ وہ نصف سنچری اسکور کرنے والے عمر رسیدہ کرکٹر بن گئے۔ اس کے علاوہ 43 سالہ عمانی کرکٹر نے پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا میگا ایونٹ کی تاریخ کی سست ترین ففٹی کا ورلڈ ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
جمعرات کو آئی سی سی مینز 20 ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سری لنکا اور عمان کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، سری لنکا نے عمان کو 105 رنز سے ہرا دیا۔ ہوم ٹیم نے 5 وکٹ پر 225 رنز بنائے جواب میں عمان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 120 رنز بنا سکی۔
عمان کی ٹیم میچ تو ہار گئی لیکن ہدف کے تعاقب کے دوران 43 سالہ عمانی بیٹر محمد ندیم نے ففی اسکور کی اور ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کی سست ترین ففٹی کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
محمد ندیم نے 52 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی اور 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل 2024 کے ٹی 20 رلڈ کپ میں پاکستان کے محمد رضوان نے بھی کینیڈا کے خلاف 52 گیندوں پر ففٹی اسکور کی تھی۔
اس ففٹی کے ساتھ محمد ندیم ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں نصف سنچری اسکور کرنے والے عمر رسیدہ کرکٹر بھی بن گئے۔
43 سال اور 161 دن کی عمر میں محمد ندیم کسی بھی ٹی 20 ورلڈ کپ میں ففٹی بنانے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے اپنی مخالف ٹیم سری لنکا کے کوچ سنتھ جے سوریا کو پیچھے چھوڑ دیا، جن کی عمر 39 سال اور 345 دن تھی جب انہوں نے 2009 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 81 رنز بنائے تھے۔