کراچی: مشرف کالونی میں گھریلو تنازع پر ماں، باپ اور بیٹا قتل
کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں اندوہناک فائرنگ کے واقعے میں ماں، باپ اور بیٹے کو قتل کردیا گیا، جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ صبح سویرے پیش آیا جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں عابد، ان کی اہلیہ اور ان کا بیس سالہ بیٹا شامل ہیں۔ مقتول عابد پیشے کے اعتبار سے ڈرائیور تھا اور اس کا تعلق مانسہرہ سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے میں مقتول عابد کی سالی فاطمہ شدید زخمی ہوئی ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی فاطمہ نے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ عابد کے ہم ذلف دانش نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔
ان کے مطابق ملزم دانش رات تقریباً تین بجے عابد کے گھر آیا تھا، جبکہ فائرنگ کا واقعہ صبح سویرے پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول عابد کی ایک بیٹی اس وقت دانش کے پاس ہے اور بیٹی کے معاملے پر ہی عابد اور دانش کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ اہل محلہ نے بھی پولیس کو بتایا ہے کہ ملزم دانش واردات کے بعد عابد کے گھر سے فرار ہوگیا۔
حکام کے مطابق زخمی فاطمہ کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے اور اس بات کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا واردات میں دانش کے ساتھ کوئی اور ملزم بھی شامل تھا یا نہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔