وزیراعظم کا یو اے ای کے صدر سے رابطہ، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے فروغ کا اعادہ
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک کیا ہے، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
جمعے کو وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
خوشگوار اور نہایت گرم جوش ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ اسلام آباد اور رحیم یار خان میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کیا، جو متحدہ عرب امارات کے صدر کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئی تھیں۔
وزیراعظم نے مشکل حالات میں پاکستان کی مستقل اور غیرمتزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا جب کہ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات نے اصولی طور پر پاکستان کے 2 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں 2 ماہ کی توسیع پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
ایک اعلیٰ عہدیدار کی تصدیق کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ اماراتی حکام نے مختصر مدت کے لیے اس ڈپازٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ توسیع 6.5 فیصد شرح سود پر دی گئی ہے جب کہ متعلقہ حکام کی جانب سے باقاعدہ منظوری جلد متوقع ہے۔