عمران خان کے کیسز کے حوالے سے سپریم کورٹ سے بڑی خبر آگئی
سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے 6 کیسز، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ایک، ایک کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔
جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 6، بشریٰ بی بی اور شاہ محمود قریشی کے ایک، ایک کیس پر 18 فروری کو سماعت ہوگی۔
جن کیسز کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے، ان میں توشہ خانہ فوجداری کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ معطلی کی بجائے سزا معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ عمران خان کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے جب کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی بریت کے خلاف اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح 9 مئی لاہور مقدمات میں عمران خان کی ضمانت کے خلاف سرکاری درخواست سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے ہتک عزت کیس میں شواہد ریکارڈ کرنے اور پنجاب حکومت کو فریق بنانے کی شہباز شریف کے خلاف عمران خان کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔ جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 18 فروری کو سماعت کرے گا۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں، عمران خان نے شہباز شریف پر پانامہ کیس سے پیچھے ہٹنے کے لیے 10 ارب روپے کی پیشکش کا الزام عائد کیا تھا، جس پر شہباز شریف نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔