شائع 14 فروری 2026 05:53pm

عمران خان کی بیٹوں سے فون پر بات کروا دی گئی، سابق کرکٹرز کا کپتان سے اظہارِ یکجہتی

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ان کے بیرونِ ملک مقیم بیٹوں سے فون پر بات چیت کروا دی گئی ہے۔ دوسری جانب عمران خان کی صحت کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی تحفظات کا اظہار سامنے آیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں بیٹوں، سلیمان اور قاسم سے ٹیلی فون پر بات چیت کروا دی گئی ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر ہونے والی گفتگو 25 منٹ تک جاری رہی۔ اس دوران عمران خان کی آنکھ کی بیماری سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔

عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی عمران خان کی ان کے بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات چیت کی تصدیق کردی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں علیمہ خان نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر عمران خان کی بیٹوں کے ساتھ تقریباً 20 منٹ بات چیت ہوئی۔ بچوں نے بتایا کہ عمران خان طویل عرصے بعد اُن سے بات چیت کر کے بے حد خوشی محسوس کر رہے تھے۔

اس سے قبل عمران خان کی صحت کی خرابی کی خبریں سامنے آنے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر کو فرینڈ آف کورٹ (عدالتی معاون) مقرر کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے جمعرات کو عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی 85 فیصد ضائع ہوچکی ہے اور انہیں علاج کی شدید ضرورت ہے۔

یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دے رکھا ہے۔

پی ٹی آئی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کا طبی معائنہ اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب عمران خان کی صحت کے معاملے پر سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی بیانات سامنے آرہے ہیں۔

1992 کے ورلڈکپ کی فاتح ٹیم میں عمران خان کی کپتانی میں کھیلنے والے سابق قومی کرکٹر وسیم اکرم نے اس معاملے پر افسوس کا اظہار اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے خبریں سن کر شدید دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وہ خلوصِ دل سے امید کرتے ہیں کہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں گے اور عمران خان کو ممکنہ طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وسیم اکرم نے اپنے پیغام میں عمران خان کے لیے جلد صحت یابی اور صحت مند زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایک ویڈیو بیان میں عمران خان کی صحت سے متعلق سوال پر کہا کہ صحت کا معاملہ عمران خان کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان یا ان کے اہلِ خانہ جہاں چاہتے ہیں وہیں ان کا علاج ہونا چاہیے۔

سابق کرکٹر شعیب اختر نے ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ تین ماہ سے امریکا میں شوکت خانم کینسر اسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ مہم میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی خبر سن کر انہیں شدید دکھ پہنچا ہے۔

شعیب اختر نے عمران کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انہیں جلد ہی بہترین علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے دائیں آنکھ سے دھندلا نظر آنے کی شکایت کی تھی جسے جیل حکام اسے نظر انداز کیا، جس کے نتیجے میں ان کی آنکھ میں خون کا لوتھڑا (Blood Clot) بن گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے رپورٹ میں پیش کی گئی سفارشات منظور کرتے ہوئے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے 16 فروری تک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے رکھا ہے۔

Read Comments