شائع 15 فروری 2026 08:47am

خیرپور میں خوفناک حادثہ، 11 افراد جاں بحق

سندھ کے ضلع خیرپور میں ٹنڈو مستی کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پنجاب سے کراچی آنے والی مسافر کوچ اوور ٹیکنگ کے دوران سامنے سے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ تصادم اتنا شدید تھا کہ کوچ کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

جاں بحق افراد میں کوچ کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی شامل ہیں جبکہ بعض خواتین بھی حادثے کا شکار ہوئیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں تمام لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال خیرپور پہنچایا گیا جہاں متعدد افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں اور مسافروں کو کوچ سے نکالنے میں ریسکیو اہلکاروں کی مدد کی۔

قومی شاہراہ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی تاہم پولیس اور انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لیا۔

آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی خیرپور کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پولیس نفری بھیجنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولت فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی کاٹھور کے قریب ایک اور بڑا حادثہ پیش آیا تھا جہاں آئل ٹینکر اور بس سمیت متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق اس حادثے میں ایک تیز رفتار مسافر بس رانگ وے سے سڑک پر آئی اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے بعد کئی گاڑیاں زد میں آئیں۔ ایک مسافر وین کی چھت پر سوار افراد پل سے نیچے گر گئے تھے جس سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

Read Comments