شائع 15 فروری 2026 04:57pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا کو سپر 8 مرحلے میں رسائی کے لیے کیا کرنا ہوگا؟

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف 23 رنز کی شکست کے بعد آسٹریلیا کی سپر 8 مرحلے میں رسائی مشکل ہوگئی ہے اور اب آسٹریلوی ٹیم کوالیفائی کرنے کے لیے نہ صرف اپنے بقیہ میچز میں فتوحات بلکہ دیگر ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک 2 میچز کھیلے ہیں، آئرلینڈ کے خلاف جیت اور زمبابوے سے شکست کے بعد کینگروز پوائنٹس ٹیبل پر دو پوائنٹس اور 1.100 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ گروپ میں دباؤ کا شکار ہے۔

آسٹریلیا کے بقیہ میچز سری لنکا اور عمان کے خلاف ہیں۔ اگر آسٹریلیا اپنے دونوں میچ جیت بھی لیتا ہے تو پھر بھی اس کی سپر 8 مرحلے رسائی کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوسکتا ہے، بشرطیکہ سری لنکا زمبابوے کو شکست دے اور زمبابوے آئرلینڈ کو ہرا دے۔ اس صورت میں آسٹریلیا، سری لنکا اور زمبابوے تینوں کے چھ، چھ پوائنٹس ہوجائیں گے جب کہ آئرلینڈ 2 پوائنٹس پر رہے گا۔

آسٹریلیا کی اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے ضروری ہے کہ سری لنکا زمبابوے سے ہار جائے یا زمبابوے آئرلینڈ کے خلاف ناکام ہو۔ ان میں سے کسی ایک نتیجے کی صورت میں آسٹریلیا کے علاوہ صرف ایک ٹیم چھ پوائنٹس تک پہنچ سکے گی۔

اگر آسٹریلیا سری لنکا سے ہار بھی جاتا ہے تو وہ مکمل طور پر باہر نہیں ہوگا تاہم اس کی پوزیشن کمزور ہوجائے گی۔ ایسی صورت میں اگر وہ عمان کو ہرا دے تو چار پوائنٹس پر پہنچے گا لیکن پھر زمبابوے کو اپنے دونوں میچز، آئرلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ہارنا ہوں گے۔ تب سری لنکا آٹھ پوائنٹس کے ساتھ آگے ہوگا اور پھر آسٹریلیا، زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان چار، چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر کے لیے نیٹ رن ریٹ پر فیصلہ ہوگا۔

دوسری جانب سری لنکا نے دو میچوں میں چار پوائنٹس اور 3.125 کے بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ مضبوط پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف کامیابی اسے براہِ راست اگلے مرحلے میں پہنچا دے گی۔ اگر وہ آسٹریلیا سے ہار بھی جائے لیکن زمبابوے کو شکست دے دے اور ساتھ ہی زمبابوے آئرلینڈ سے ہار جائے یا آسٹریلیا عمان سے شکست کھا جائے تو بھی سری لنکا کوالیفائی کرسکتا ہے۔ بصورت دیگر تین ٹیموں کے درمیان چھ پوائنٹس پر برابری ہوسکتی ہے۔

زمبابوے کے چار پوائنٹس اور 1.984 نیٹ رن ریٹ ہیں، اس کے باقی میچ آئرلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ہیں۔ اگر وہ سری لنکا کو شکست دے دیتا ہے تو سپر 8 مرحلے تک رسائی یقینی بنالے گا تاہم اگر وہ سری لنکا سے ہار جائے اور آئرلینڈ کو ہرا دے تو چھ پوائنٹس پر تین ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوسکتا ہے، اگر زمبابوے دونوں میچ ہار جاتا ہے تو اس کی امیدیں آسٹریلیا کی کارکردگی سے منسلک ہوجائیں گی۔

آئرلینڈ نے تین میچوں میں دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ 0.150 ہے۔ اس کا آخری میچ زمبابوے کے خلاف ہے۔ آئرلینڈ کے پاس سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے کا محدود موقع موجود ہے، بشرطیکہ وہ زمبابوے کو شکست دے اور دیگر نتائج اس کے حق میں آئیں۔اگر آسٹریلیا اپنے آخری دونوں میچ جیت لیتا ہے تو آئرلینڈ کی مہم ختم ہوجائے گی کیوں کہ سری لنکا اور زمبابوے میں سے ایک ٹیم لازمی طور پر چھ پوائنٹس حاصل کرلے گی۔

گروپ بی کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر آئندہ میچز کے نتائج نہایت اہمیت اختیار کرچکے ہیں اور کوالیفکیشن کا فیصلہ ممکنہ طور پر آخری میچ تک مؤخر ہوسکتا ہے۔

Read Comments