شائع 15 فروری 2026 08:47pm

ٹی20 ورلڈ کپ: ایشان کشن کی شاندار نصف سنچری، پاک بھارت مقابلوں کی تاریخ بدل دی

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں پاکستان کے خلاف بھارتی وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے پاک بھارت مقابلوں کی تاریخ کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کی ہے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرکٹ کرکٹ ایڈکٹر کے مطابق کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے خلاف ابتدائی اوور میں ابھیشیک شرما کے صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد ایشان کشن نے ذمہ داری سنبھالی اور جارحانہ انداز اپنایا۔ 15 فروری کو ہونے والے اس مقابلے میں بھارتی وکٹ کیپر بلے باز نے صرف 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جو پاک بھارت میچوں کی تاریخ کی تیز ترین ففٹی ہے۔

ایشان کشن کی برق رفتار بیٹنگ کے باعث بھارت نے ابتدائی نقصان کے بعد تیزی سے کم بیک کیا۔ ٹیم نے پہلے اوور میں ایک وکٹ پر ایک رن سے اسکور 8.4 اوورز میں 88 رنز تک پہنچا دیا۔ ایشان کشن نے 44 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جب کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 192.5 رہا۔

اس کارکردگی کے ساتھ ایشان کشن نے پاک بھارت مقابلوں میں تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا اور سابق ریکارڈ ہولڈرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے افتخار احمد، مصباح الحق، ویرات کوہلی اور گوتم گھمبیر کا ریکارڈ توڑا۔

2022 میں افتخار احمد نے 32 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تھی جب کہ 2007 میں مصباح الحق نے 33 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

اس سے قبل بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف تیز ترین نصف سنچری کا اعزاز ویرات کوہلی کے پاس تھا، جنہوں نے 2016 میں 36 گیندوں پر ففٹی اسکور کی تھی جب کہ گوتم گمبھیر نے 2007 میں 38 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔

ایشان کشن کی اس اننگز کو پاک بھارت میچوں کی تاریخ میں ایک اہم کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے، جس نے میچ کا رخ بدلنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Read Comments