اپ ڈیٹ 16 فروری 2026 10:56am

کراچی میں منگل کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی لہر کے زیرِ اثر کراچی میں منگل کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ شہر میں معمول سے تیز گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور بعض اوقات حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی لہر آج ملک کے مغربی حصوں تک پہنچ سکتی ہے جس کے اثرات سندھ سمیت مختلف علاقوں پر مرتب ہوں گے۔ اسی سسٹم کے تحت کراچی میں منگل کو بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران شہر میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید برآں کراچی میں کل بھی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جس سے حدِ نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ دادو، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، جامشورو، لاڑکانہ، جیکب آباد اور خیرپور میں مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صوبے کے بیشتر علاقوں میں سرد رات کے ساتھ موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں معمولی کمی ہوسکتی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

Read Comments