سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی اچانک بندش، صارفین کو پریشانی کا سامنا
دنیا بھر میں سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی سروسز متاثر ہونے سے سوشل میڈیا صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
آن لائن سروسز کی نگرانی کرنے والے ادارے ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پیر کے روز ’ایکس‘ کے ہزاروں صارفین نے سروس کے استعمال میں مسائل کی شکایت کی۔
ایکس کی سروسز امریکہ، برطانیہ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں متاثر ہوئیں، ہزاروں صارفین نے شکایات کی بنیاد پر اس بندش کی تصدیق کی۔
پاکستان میں بھی شام 6 بج کر 42 منٹ کے قریب ’ایکس‘ کی اچانک بندش رپورٹ ہوئی جس کی وجہ سے صارفین کو اپنی فیڈ لوڈ کرنے، لاگ اِن کرنے اور نوٹیفیکیشنز دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
‘ایکس‘ انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک اس عارضی بندش کی وجہ یا کسی تبصرے کا جواب نہیں دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ’ایکس‘ کو دو مرتبہ عارضی بندش کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے 13 اور 16 جنوری کو دنیا بھر میں ہزاروں صارفین متاثر ہوئے تھے۔