شائع 16 فروری 2026 09:33pm

سندھ میں گاڑی مالکان اب شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نمبر پلیٹ کے مالک ہوں گے

سندھ میں گاڑی مالکان کے لیے خوشخبری ہے کہ اب گاڑی مالکان قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ گاڑی کی نمبر پلیٹ کے مالک ہوں گے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

سندھ حکومت نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے متعلق موٹر وہیکل ترمیمی ایکٹ 2024 نافذ کردیا ہے۔ اس اقدام کے تحت گاڑی مالکان اپنی قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نمبر پلیٹ کے مالک خود ہوں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ قومی شناختی کارڈ پر مشتمل گاڑیوں کی دو نئی نمبر سیریز بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نئے ایکٹ کے تحت گاڑی مالکان اپنے قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ پرانی نمبر پلیٹ کو دوسری گاڑی پر بھی لگاسکیں گے، جس سے پسندیدہ یا مخصوص نمبر محفوظ رکھنے میں آسانی ہوگی۔

حکام کا کہنا تھا کہ اپنی پسند کا مخصوص نمبر حاصل کرنے کے لیے فیس کا بھی تعین کر دیا گیا ہے، مخصوص سیریز کے نمبرز لینے کے لیے شہریوں کو 3 لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک فیس ادا کرنا ہوگی۔

سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے رجسٹریشن کے نظام میں شفافیت آئے گی اور گاڑی مالکان کو مزید سہولت میسر ہوگی۔

Read Comments