اپ ڈیٹ 17 فروری 2026 02:33pm

پی ٹی آئی احتجاج: آئی جی خیبر پختونخوا نے سڑکیں کھلوانے کی یقین دہانی کرا دی

پشاور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جاری احتجاج اور سڑکوں کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے سڑکوں کی بندش پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ جس کے بعد آئی جی خیبرپختونخوا نے سڑکیوں کھولنے کی یقین دہانی کرا دی۔

صوابی کے رہائشی یوسف علی کی جانب سے ایڈووکیٹ حافظ فضل الرحیم کے ذریعے دائر کی گئی درخواست پر سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس فرخ جمشید نے کی، بعد ازاں سماعت جسٹس فرخ جمشید کے ہمراہ دوبارہ ہوئی۔ عدالت نے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا۔

سماعت کے دوران جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ آج سے ہی سڑکیں کھولی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مشکلات کا شکار ہیں اور بعض مقامات پر جانیں بھی ضائع ہو رہی ہیں، مگر انتظامیہ کو یہ مسئلہ نظر نہیں آ رہا۔

عدالت نے کہا کہ پورا پاکستان کھلا ہے لیکن صرف اپنا صوبہ بند کیا گیا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اب تک کتنے افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور سڑکیں بند کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈیٹا مرتب کرنے کے لیے وقت درکار ہے اور پرانے مقدمات کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

اس پر عدالت نے کہا کہ پرانے مقدمات کی ضرورت نہیں، موجودہ صورتحال پر بتایا جائے کہ صوبائی حکومت نے کیا ایکشن لیا۔

عدالت نے یہ بھی ریمارکس دیے کہ جہاں کارروائی کرنا مقصود ہو وہاں پولیس فوری حرکت میں آ جاتی ہے، لیکن یہاں عوام کو تکلیف ہو رہی ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ تین روز سے مختلف پوائنٹس پر سڑکیں بند تھیں جن میں سے 16 میں سے 10 پوائنٹس کھول دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض شاہراہیں موٹروے کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں اور وہاں کارروائی کے لیے ریفرنس درکار ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریفک اسٹاف کی کمی ہے تاہم ای چالان اور سیف سٹی منصوبہ جلد مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

عدالت نے کہا کہ صوبے میں پہلے ہی دہشت گردی کے واقعات ہیں، ایسے میں عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنا مناسب نہیں۔

جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن اپنے ہی لوگوں کو تکلیف دینا درست نہیں۔ یہاں کی حکومت اپنے ہی لوگوں کو تکلیف دی رہی ہے۔

انہوں نے ذاتی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے بچے بھی سڑکوں کی بندش کے باعث واپس لوٹ آئے۔

آئی جی پولیس نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آج ہی سڑکیں کھول دی جائیں گی اور آئندہ موٹروے یا دیگر اہم شاہراہوں کو بند نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اس یقین دہانی کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کر دی اور انتظامیہ کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

Read Comments