لاہور: فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی طالبہ نے چھت سے کود کر خودکشی کرلی
لاہور میں ایک طالبہ نے اطمہ جناح میڈیکل کالج یونیورسٹی کے ہاسٹل کی چھت سے چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ طالبہ کو سر میں شدید چوٹیں آئیں اور وہ اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود جانبر نہ ہو سکی۔
ڈاکٹر کے مطابق متاثرہ لڑکی کی شناخت 22 سالہ فریحہ کے نام سے ہوئی ہے جس کے فائنل ایئر کے پیپر ہو رہے تھے، طالبہ دماغ میں چوٹ لگنے کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔
پولیس کی جانب سے ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ طالبہ چھ ماہ سے کافی زیادہ ڈپریشن کا شکار رہتی تھی، اُس کا فائنل ایئر کا دوسرا پیپر 19 فروری کو ہونا ہے، ایک پیپر ہو چکا ہے اور دوسرے پیپر کی تیاری کر رہی تھی۔
فریحہ کا تعلق کشمیر سے تھا اور وہ اس وقت اپنے والد کے ساتھ لاہور میں رہائش پذیر تھی۔ پولیس کے مطابق صبح 7 بج کر 55 منٹ پر ون فائیو پر کال موصول ہوئی کہ ایک لڑکی نے ہاسٹل کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب واقعے کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جسے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت پنجاب کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور ذمہ داران کے تعین کے لیے باقاعدہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔