اپ ڈیٹ 18 فروری 2026 03:50pm

سپریم کورٹ: عمران خان سے ملاقات کی استدعا مسترد، سہیل آفریدی کا ’رہائی فورس‘ بنانے کا اعلان

سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما اور سینئر وکیل لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات کی استدعا مسترد کردی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے ’عمران خان رہائی فورس‘ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

سپریم کورٹ میں تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان سے متعلق 6 کیسز کی سماعت ہوئی۔ جسٹس ہاشم خان کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی تینوں درخوستیں واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دیں۔

توشہ خانہ فوجداری کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے سزا معطل کی تھی لیکن فیصلہ نہیں ہوا، اپیل اب بھی زیرالتواء ہے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی اپیل میں سزا معطل ہوگئی ہے تو پھرکوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے، الیکشن میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

عدالت نے توشہ خانہ فیصلہ معطلی کیس میں الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کی استدعا بھی مسترد کردی۔

سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ آپ نے ہم سے ازخود نوٹس کا اختیارلے لیا ہے، ہم ایک فوجداری مقدمے میں ملاقات کا حکم کیسے دے سکتے ہیں۔

جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ جو کیس ہمارے سامنے فکس ہی نہیں اس پرحکم کیسے جاری کریں۔

جسٹس ہاشم کاکڑ کا کہنا تھا کہ یہاں عدالت میں کھڑے ہو کر سیاسی باتیں نہ کریں، سیاسی باتیں پارلیمنٹ جاکر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھیک ہے آپ نے بات کردی، اب اس کے ٹکرزبھی چلیں گے اور وی لاگز بھی ہوجائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کے لیے‘عمران خان رہائی فورس‘ کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی کے بعد اب منظم عوامی جدوجہد ناگزیر ہو چکی ہے۔ رہائی فورس کے لیے ملک بھر میں ممبر سازی کی جائے گی، جس میں ہر مکتبہ فکر کے افراد شامل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فورس کے لئے ممبر شپ کارڈز چار سے پانچ روز میں تیار ہو جائیں گے اور عید کے بعد پشاور میں نوجوانوں سے حلف لیا جائے گا۔

Read Comments