چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ہاکی فیڈریشن کا صدر بننے کی تردید کردی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ہاکی فیڈریشن کا صدر بننے کی تردید کردی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جس میں ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ سمیت تمام سینئر کھلاڑی شریک ہوئے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے واضح کیا کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نہیں بن رہے، لیکن ہاکی کھلاڑیوں کی معاونت بحران ختم ہونے تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی قومی کھیل ہے اور ٹیم کی بہتری کے لیے جو ممکن ہو سکے گا، وہ کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر پابندی کے بعد کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کے حوالے سے بائیکاٹ پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کا مؤقف ہے کہ عماد بٹ پر عائد پابندی غیر منصفانہ ہے اور وہ مصر میں یکم مارچ سے شروع ہونے والے مقابلوں میں ان کے بغیر نہیں جائیں گے۔
عماد شکیل بٹ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی سے ہماری خوشگوار ملاقات رہی،محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ ہاکی کے معاملات دیکھیں گے،ہمارے دس دس لاکھ کے چیک ہمارے حوالے کردیے۔
محسن نقوی نے نیشنزکپ کے بعد 10، 10لاکھ روپے دینے کااعلان کیا تھا، پی سی بی ہاکی کے معاملات دیکھے گا، ہم نے محسن نقوی کورولینٹ اولٹمنز کو کوچ بنانے کی تجویز دی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے عماد بٹ پر پابندی عائد کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد ہاکی ٹیم میں کشیدگی پیدا ہو گئی ہے اور مستقبل کے مقابلوں میں ٹیم کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔