شائع 20 فروری 2026 11:56am

کراچی: سولجر بازار میں سلنڈر دھماکے کا مقدمہ درج، عمارت کا مالک گرفتار

کراچی کے علاقے سولجر بازار گل رانا کالونی کی ایک رہائشی عمارت میں سلنڈر دھماکے کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے عمارت کے بلڈر ارشاد کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کا مقدمہ سولجر بازار تھانے میں درج ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق عمارت غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی، چالیس گز کے رقبے پر تین منزلیں بنائی گئی تھیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ روز دھماکہ ہوا تھا۔

عمارت میں گیس لیکیج سے دھماکا 3 بجکر 47 منٹ پر ہوا تھا۔

۔

خیال رہے کہ عمارت میں دھماکا گزشتہ روز سحری کے وقت گیس لیکیج کے باعث ہوا تھا جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوئے تھے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تھا۔

ابتدائی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ باورچی خانے میں گیس کی فٹنگ ناقص تھی اور گیس کی سپلائی کے لیے پلاسٹک کا پائپ استعمال کیا گیا تھا، جس سے گیس کے اخراج کے امکانات بڑھ گئے۔ گھر میں گیس کھینچنے والی مشینیں بھی نصب تھیں۔

Read Comments