شائع 20 فروری 2026 05:58pm

عمران خان کو 25 فروری کو اسپتال منتقل کیا جائے گا: وزیرِ مملکت طارق فضل چوہدری

وفاقی وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جیل سے اسپتال منتقلی کی تصدیق کردی ہے تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کی اسپتال منتقلی صرف انجکشن لگانے کی حد تک ہوگی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آنکھ کے معائنے سے متعلق نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

صحافی زاہد فاروق ملک نے جمعے کے روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وزیرِ مملکت طارق فضل چوہدری نے عمران خان کو 25 فروری کو اسپتال منتقل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

صحافی کی جانب سے عمران خان کے علاج سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پہلا انجیکشن 25 جنوری کو لگا تھا، مزید دو انجیکشن ابھی لگنے باقی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے انجیکشن کے حوالے سے مجوزہ تاریخ 25 فروری ہے جس کے ٹھیک ایک ماہ بعد انہیں تیسرا انجیکشن لگایا جائے گا اور یہ علاج اسلام آباد اور راولپنڈی میں دستیاب بہترین اسپتال میں کیا جائے گا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ انجیکشن اسی اسپتال میں لگائے جاسکتے ہیں جہاں ’ٹرشری کیئر‘ کی سہولت موجود ہو، لہٰذا انہیں صرف انجیکشن لگانے کی حد تک اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل میں قید کے دوران دائیں آنکھ میں بینائی کی کمی کی شکایت کی تھی۔ سپریم کورٹ نے عمران خان کی صحت کے معاملے پر بیرسٹر سلمان صفدر کو ’فرینڈ آف کورٹ مقرر‘ کیا تھا، جنہوں نے اڈیالہ جیل کا دورہ کرکے رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد باقی رہ گئی ہے۔ جس کے بعد سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایک میڈیکل بورڈ نے 15 فروری کو اڈیالہ جیل میں عمران خان کا طبی معائنہ کیا۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے ڈاکٹرز نے چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کو عمران خان کی صحت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی تھی۔

میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی آنکھوں کی بینائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف اور اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے عمران خان کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے جاری دھرنا ختم کردیا ہے۔

Read Comments