معروف خاتون فٹبالر نے اسلام قبول کرلیا، عمرے کی سعادت بھی مل گئی
برازیل کی معروف فٹبال کھلاڑی کیتھیلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا ہے، جس کے بعد انہوں نے عمرہ ادا کرنے کی سعادت بھی حاصل کرلی۔
کیتھلین سوزا سعودی عرب کی ٹیم النصر خواتین کی نمائندگی کرتی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ زندگی میں صحیح راستہ تلاش کرنے، مثبت تبدیلی لانے اور اپنی بہترین شخصیت بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا: ’چھوٹے قدم، صحیح راستہ تلاش کرنا، تبدیلی کی کوشش اور زندگی کے انعام کے لیے شکرگزاری۔‘
سعودی لنصر خواتین کے کلب نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم کیتھلین سوزا کے اس خاص لمحے کو آپ سب کے ساتھ بانٹ رہے ہیں جب انہوں نے اسلام قبول کیا۔ کلب نے دعا کی کہ اللہ انہیں استحکام عطا کرے اور ان کے دل کو سکون و اطمینان سے بھر دے۔
کیتھلین سوزا نے فٹبال کھیلنے کی ابتدا بچپن میں برازیل سے کی اور مختصر عرصے کے لیے سانتوس ایف سی کی یوتھ ٹیم کا حصہ رہیں۔
بعد ازاں انہوں نے امریکہ میں یونیورسٹی آف لوئیزویل اور یونیورسٹی آف سینٹرل فلوریڈا سے تعلیم حاصل کی اور وہاں بھی یونیورسٹی سطح پر فٹبال کھیلیں۔
گزشتہ دو سال سے کیتھلین سعودی فٹبال کلب النصر کا حصہ ہیں، جس کے باعث وہ سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ وہاں قیام کے دوران وہ اسلامی اقدار سے متاثر ہوئیں اور اسی اثر سے انہوں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔