کوہاٹ: پولیس موبائل پر دہشت گردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت شہید اہلکاروں کی تعداد 6 ہوگئی
خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشت گردی کی ایک اور افسوسناک واردات پیش آئی ہے جہاں شکر درہ روڈ پر مسلح افراد نے پولیس کی موبائل وین کو نشانہ بنایا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اسد محمود اور ان کے دو ساتھی اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ تین اہلکار اسپتال میں دم توڑ گئے۔ تین زخمی اہلکار تاحال زیرِ علاج ہیں۔
دہشت گردوں نے فائرنگ کے بعد پولیس کی گاڑی کو آگ بھی لگا دی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہدا کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے لاچی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ حملہ گھات لگا کر کیا گیا جس میں پولیس وین کو بری طرح نشانہ بنایا گیا۔
اس حملے کے بعد کوہاٹ اور گردونواح کے علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ڈی ایس پی اسد محمود سمیت دیگر اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی۔