شائع 25 فروری 2026 12:03pm

ڈریپ نے وزیراعظم کا ’ریفارم چیمپئن‘ ایوارڈ اپنے نام کرلیا

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے سی ای او ڈاکٹر عبید اللہ ملک کو ’ریفارم چیمپئن‘ ایوارڈ سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ اتھارٹی کی جانب سے نظام کو جدید بنانے، شفافیت لانے، کام کی رفتار بہتر بنانے اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

اس اعزاز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈاکٹر عبید اللہ نے کہا کہ یہ کامیابی پوری ڈریپ ٹیم کی محنت اور پیشہ ورانہ عزم کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کے عوام کے لیے محفوظ اور معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) نے بھی ڈرپ کے سی ای او کو یہ اعزاز ملنے پر مبارکباد دی ہے۔

پی پی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ اصلاحات پاکستان میں ادویات سازی کی صنعت کو مضبوط بنا رہی ہیں۔

ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین کامران ناصر نے کہا کہ ڈریپ نے صنعت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور ادویات کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے میں بہترین توازن پیدا کیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جعلی ادویات کا خاتمہ اور عالمی معیار پر عمل درآمد پاکستان کو اگلے پانچ سالوں میں ادویات کی برآمدات کا بڑا مرکز بنانے کے لیے ضروری ہے۔

فروری 2024 میں ڈریپ نے غیر ضروری ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول سے آزاد کرنے میں صنعت کی مدد کی تھی، جس سے کمپنیوں کو لاگت کے حساب سے قیمتیں مقرر کرنے کا موقع ملا۔

تاہم، ڈریپ نے زندگی بچانے والی اور ضروری ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا اختیار اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔

اس فیصلے سے مریضوں کے لیے معیاری ادویات تک رسائی آسان ہوئی، جعلی ادویات کا راستہ روکا گیا اور بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوا۔

اس کے علاوہ جن کمپنیوں نے لاگت بڑھنے کی وجہ سے ضروری ادویات کی تیاری بند کر دی تھی، انہوں نے نئی قیمتوں کے بعد دوبارہ پیداوار شروع کر دی ہے۔

انہی بہتر پالیسیوں کی بدولت مالی سال 2025 کے اختتام تک پاکستان کی ادویات کی برآمدات میں 34 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جو کہ پچھلے بیس سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔

پاکستانی ادویات کی عالمی منڈی میں فروخت 457 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس سے ادویات سازی کا شعبہ ملک میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے برآمدی شعبوں میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔

Read Comments