خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 34 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جاری بھرپور مہم کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 34 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ کارروائیوں کا ہدف بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور مہم کے تحت تیز رفتار اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے، 24 فروری کو خیبر پختونخوا میں 4 مختلف جھڑپوں کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 دہشت گرد مارے گئے جب کہ بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں ایک کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 8 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل کے مقابل پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل وحرکت کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت بھانپ لیا، دراندازی کی کوشش کرنے والے اس گروہ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک خوارج مارا گیا جب کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔
اسی طرح ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ اسی دوران ضلع بنوں کے علاقے نرمی خیل میں 2 الگ جھڑپوں کے دوران 10 خوارج مارے گئے جب کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خفیہ اطلاعات پر کی گئی کارروائی میں 12 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پانچویں بڑی جھڑپ میں سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں خفیہ بنیادوں پر کارروائی کی، جہاں شدید مقابلے کے بعد فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے اور یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ”عزمِ استحکام“ کے تحت ملک گیر انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے جب کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس اور تلاشی کا عمل بھی جاری ہے۔
وزیراعظم، صدر، وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے متعدد کارروائیوں میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے 26 اور بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پاک افواج مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہے اور انشااللہ ان کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت ملک سے جلد دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پر عزم ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کی ہلاکت، سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کا مظہر ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپوراقدامات جاری رکھیں، ملکی سلامتی کے لیےآپریشنزمیں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بھی خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں 34 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سیکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔