فضا علی کی لیک آڈیو اصلی ہے؟ پروگرام میں شریک ڈاکٹر اور نبیہا علی کا بیان آگیا
اداکارہ اور میزبان فضا علی کے رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب پروگرام کی ایک مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہو گئی، جس کے بعد صارفین نے شو کو ’اسکرپٹڈ‘ قرار دینا شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں مبینہ طور پر فضا علی کو پروگرام کے موضوعات اور مہمانوں کے ردعمل پر گفتگو کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔
آڈیو میں ایک موقع پر فضا علی کہتی ہیں کہ موضوع ’ماں‘ رکھنے سے پروگرام زیادہ توجہ حاصل کرے گا اور اس پر زیادہ ردعمل آئے گا۔ اسی دوران ایک اور آواز یہ بھی کہتی ہے کہ اس موضوع پر میمز بھی زیادہ بنیں گی اور پروگرام وائرل ہوگا۔
مبینہ لیک آڈیو میں میزبان فضا علی کی جانب سے پروگرام میں شرک ڈاکٹر کو زبردستی ہمدردی کے لیے اٹھانے کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔
آڈیو کے ایک اور حصے میں مبینہ طور پر یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ پروگرام میں شریک ڈاکٹر کو ڈاکٹر نبیہا علی خان سے ایک روز قبل پہلی بار ملوایا گیا تھا اور وہ صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ نہیں تھے۔
اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے پروگرام کی ساکھ پر سوالات اٹھائے اور اسے ریٹنگ یا توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔
کچھ صارفین نے پروگرام کو مکمل طور پر اسکرپٹڈ قرار دیتے ہوئے اسے ناظرین کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کہا، جبکہ دیگر افراد کا کہنا ہے کہ آڈیو کی صداقت کی تصدیق کے بغیر حتمی رائے قائم کرنا مناسب نہیں۔
اسی پروگرام میں بطور مہمان شریک ماہرِ نفسیات ڈاکٹر کاشف فراز نے حال ہی میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہ تو کسی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور نہ ہی کسی پلاننگ کا حصہ ہیں، اور نہ ہی پروگرام میں شریک افراد کو وہ ذاتی طور پر جانتے ہیں۔
ڈاکٹر کاشف کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کسی بھی پروگرام میں شرکت کے لیے معاوضہ نہیں لیتے اور صرف اپنے پیشہ ورانہ تجربے کی بنیاد پر گفتگو کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بغیر تحقیق کسی معاملے پر رائے دینے سے گریز کرتے ہیں اور ان کا مقصد کسی تنازع کا حصہ بننا یا ریٹنگ بڑھانے کا ذریعہ بننا نہیں تھا۔
ڈاکٹر کاشف کے مطابق انہوں نے آئندہ اس نشریات کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹر نبیہا علی خان نے بھی مبینہ آڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کلپس پرانی رمضان ٹرانسمیشن سے لیے گئے ہیں اور انہیں سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف ویڈیوز اور آڈیوز کو جوڑ کر ایک خاص تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے، جو حقیقت کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضا علی ایک مخلص اور ہمدرد انسان ہیں اور ان کے جذباتی ردعمل کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر نبیہا نے اس معاملے پر تنقید کرنے والوں کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔
ابھی تک فضا علی کی جانب سے اس مبینہ آڈیو لیک پر کوئی باضابطہ تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم یہ معاملہ سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں بدستور موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔