شائع 28 فروری 2026 02:12pm

حکیم بابر اور ان کی اہلیہ نے معافی مانگ لی

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شادی کی ویڈیوز کے بعد حکیم بابر اور ان کی اہلیہ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے معذرت اور معافی کی اپیل کی ہے۔

حکیم بابر نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور بخشش کا مہینہ ہے، اس لیے وہ سب لوگوں سے معذرت خواہ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ انہیں معاف کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ، ’میں نے اس واقعے سے سیکھا ہے کہ آئندہ کسی کو ایسی ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں دوں گا اور نہ ہی ایسی ویڈیو بناوں گا‘۔

حکیم بابر کی اہلیہ نے بھی عوام سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہیں معاف کردیا جائے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں راولپنڈی کے بزرگ شہری حکیم بابر کی شادی کی خبر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جس کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔

وائرل ویڈیو کے بعد حکیم بابر نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک وضاحتی بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ ان کی شادی محبت اور رضامندی سے ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا، ’یہ ارینج میرج بھی ہے اور لو میرج بھی، کیونکہ ہم دونوں نے پہلے ایک دوسرے کو پسند کیا اور پھر شادی کا فیصلہ کیا۔‘

عمر سے متعلق ہونے والی تنقید پر حکیم بابر نے کہا، عمر میں کیا رکھا ہے، اصل چیز دل کا جوان ہونا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ایک طلاق یافتہ خاتون سے نکاح کرکے سنت پر عمل کیا ہے، جسے مثبت انداز میں دیکھا جانا چاہیے۔

ان کی اہلیہ نے بھی اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جب دل سے محبت ہو جائے تو عمر کی قید اہم نہیں رہتی۔

واضح رہے کہ اس جوڑے کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز میں حکیم بابر کو اپنی دلہن کو گجرے پہناتے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔

Read Comments