اپ ڈیٹ 28 فروری 2026 07:19pm

اسرائیلی سفاکیت کی انتہا: ایران میں اسکول پر حملہ، 50 سے زائد طالبات شہید

ایران کے شہر میناب میں لڑکیوں کے اسکول پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہداء کی تعداد 53 ہوگئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق اس حملے میں کم از کم 63 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں جانی نقصان کم بتایا گیا تھا، تاہم بعد میں موصول ہونے والی رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ سامنے آیا ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے میں اب بھی طالبات اور اساتذہ کے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ایرانی حکام کے مطابق اسکول پر حملہ ایسے وقت میں ہوا جب طالبات اور اسٹاف اسکول میں ہی موجود تھا۔

ایرانی وزیرِخارجہ عباس عراقچی نے ایکس اکاؤنٹ پر جائے وقوعہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی کے جنوب میں واقع بچیوں کے پرائمری اسکول پر دن دیہاڑے حملہ کیا گیا، اس وقت کہ جب طالبات اسکول میں ہی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا صرف اس ایک مقام پر درجنوں بچوں کا قتلِ عام ہوا ہے۔ ایران کے خلاف ان جرائم کا حساب ضرور دینا ہوگا۔

میناب میں ایران کی نیم فوجی فورس کا ایک اڈہ بھی موجود ہے، جس کی وجہ سے یہ شہر سیکیورٹی لحاظ سے اہم سمجھا جاتا ہے۔

Read Comments