ایران کا آج بڑے حملے کا ارادہ ہے، جس کا جواب ہولناک ہوگا: ٹرمپ
امریکا کے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کا آج بڑے حملے کا ارادہ ہے، ایران نے حملہ کیا تو جوابی کارروائی بھی ہولناک ہوگی۔
انہوں نے اتوار کی صبح اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا، ”ایران نے ابھی بیان دیا ہے کہ وہ آج بہت زوردار حملہ کرنے جا رہے ہیں، ایسا حملہ جو انہوں نے پہلے کبھی نہیں کیا ہو گا۔“
اس کے جواب میں انہوں نے لکھا، ”ان کے لیے بہتر ہے کہ وہ ایسا نہ کریں، کیونکہ اگر انہوں نے ایسا کیا تو ہم ان پر ایسی قوت سے حملہ کریں گے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ہو گی!“
اس سے قبل ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد سفارتی حل تک پہنچنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور اسرائیل نے ایران کو جوہری پروگرام پر مذاکرات میں الجھا کر اچانک حملے کیے اور ان حملوں میں سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو شہید کردیا گیا۔
امریکی خبر رساں ادارے ’سی بی ایس نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اب مذاکرات کرنا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج سے ایک دن پہلے کے مقابلے میں صورتحال واضح طور پر مختلف ہے کیونکہ ایران کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امریکا بہتر پوزیشن میں ہے اور اسے امید ہے کہ سفارتی راستہ نکالنا ممکن ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایران کی جانب سے جوابی کارروائی توقع سے کم رہی۔ ان کے مطابق ایران نے اسرائیل اور خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا، تاہم ردعمل اتنا شدید نہیں تھا جتنا امریکا نے اندازہ لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع تھی کہ حملے دگنے ہوں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہیں علم ہے آیت اللّٰہ خامنہ ای کے بعد ایران میں کون احکامات جاری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں ایران میں اب کون ہے جو مؤثر انداز سے احکامات جاری کر رہا ہے۔ تاہم امریکی صدر نے ان ایرانی رہنما کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا۔
اس سوال پر کہ آیا ایران میں اب جو شخص احکامات جاری کررہا ہے وہ ایسا شخص ہے جسے وہ ایران کی قیادت کرتا دیکھنا چاہتے ہیں؟ تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہاں میرے خیال میں ایسا ہی ہے، کچھ اچھے امیدوار ہیں۔