ایرانی حملے میں تل ابیب کی 40 عمارتیں مٹی کے ڈھیر میں تبدیل
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے ہفتے کے روز کیے گئے حملوں کے بعد تل ابیب میں کم از کم 40 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
تل ابیب میں ایران کی جانب سے داغے گئے بیلسٹک میزائل کے بعد اسرائیلی سیکیورٹی اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔ حکام کے مطابق میزائل گرنے سے شہر میں نقصان ہوا اور متعدد افراد متاثر ہوئے۔
خبر رساں ادارے تل ابیب کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں دو سو سے زائد رہائشیوں کو ان کے گھروں سے نکال کر شہر کے تین ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
اسرائیلی اخبار ہارٹز نے بلدیہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ متاثرہ عمارتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور نقصان کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ واقعے کے بعد شہر میں صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔
اسرائیل کے قومی ایمرجنسی ادارے میگن ڈیوڈ ایڈوم نے بتایا کہ تازہ حملوں کے دوران کم از کم بیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ادارے کے مطابق ایک چالیس سالہ شخص کی حالت تشویشناک ہے جسے چھروں سے چوٹیں آئی ہیں۔
دوسری جانب ایران نے اسرائیل اور خطے میں امریکی اہداف کے خلاف جوابی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صورتحال کے باعث خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور دونوں جانب سے سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔