شائع 02 مارچ 2026 12:14am

متحدہ عرب امارات نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا، سفارتخانہ بند کرنے کا اعلان

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایران میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے اور اپنے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اقدام ایرانی حملوں کے بعد کیا گیا ہے جس میں یو اے ای کی سرزمین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

یو اے ای کی وزارت خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران میں واقع سفارتخانہ بند کیا جا رہا ہے اور تمام سفارتی عملے کو واپس بلایا جا رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشن افرا الحمیلی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے ایرانی میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ ایرانی میزائل حملوں کے جواب میں کیا گیا جو براہِ راست ملک کی سرزمین کو نشانہ بنا رہے تھے اور شہری مقامات، رہائشی علاقوں، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سروس سہولیات کو نقصان پہنچا رہے تھے، جس سے شہریوں کی جان خطرے میں آگئی۔

یو اے ای کے اس اقدام سے ایران اور خلیج میں امن و سلامتی کی صورتحال پر مزید تشویش ظاہر ہوتی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔

Read Comments