ایران کے حملوں میں امریکا کے 6 اہلکار ہلاک، 18 زخمی، امریکی فوج کی تصدیق
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 6 ہو گئی ہے۔ جب کہ سینٹ کام کے ترجمان نے سی این این کو بتایا کہ 18 اہلکار اس وقت شدید زخمی ہیں۔
سینٹ کام نے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران اب تک 6 امریکی فوجی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج کو حال ہی میں مزید دو لاپتہ اہلکاروں کی باقیات ملی ہیں۔ دونوں لاشیں اسی مقام سے ملی ہیں جسے ایران نے ابتدائی حملوں کے دوران نشانہ بنایا تھا۔
رائٹرز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دوران امریکی فوجی کویت کے فوجی اڈے میں ہلاک ہوئے۔
سینٹ کام کے مطابق ہلاک اہلکاروں کی شناخت اہلِ خانہ کو اطلاع دینے کے 24 گھنٹے بعد ظاہر کی جائے گی۔
سینٹ کام نے ایران کے خلاف حملوں کے آغاز کے بعد اتوار کو تین اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
پیر کو سینٹ کام نے چوتھے اہلکار سے متعلق بتایا تھا کہ وہ ایران کے ابتدائی حملوں کے دوران شدید زخمی ہوا تھا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔