ٹی 20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کا پانچواں، جنوبی افریقا کا چوتھا سیمی فائنل، کتنی مرتبہ فتح ملی؟
آئی سی سی مینز 20 ورلڈکپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں آج نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں ٹکرائیں گی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل آج نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم چار اور جنوبی افریقا کی ٹیم تین مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیل چکی ہیں لیکن دونوں ٹیمیں صرف ایک مرتبہ ہی فائنل میں رسائی حاصل کرسکیں۔
جنوبی افریقا کو 2009 کے سیمی فائنل میں پاکستان اور 2014 کے سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی جب کہ 2024 کے سیمی فائنل میں افغانستان کے خلاف فتح حاصل کی تاہم 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقا کو بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیوزی لینڈ کو 2007 کے سیمی فائنل میں پاکستان، 2016 کے سیمی فائنل میں انگلینڈ اور 2022 کے سیمی فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
کیوی ٹیم نے 2021 کے سیمی فائنل میں انگلیںڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی جہاں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔